سری نگر،13 اپریل :
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بدھ کے روز محکمہ بجلی کا ایک عارضی ملازم بجلی کی ترسیلی لائن کی مرمت کرنے کے دوران کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا۔یہ گذشتہ تین دنوں کے دوران اس نوعیت کا پیش آنے والا دوسرا واقعہ ہے۔
قبل ازیں پیر کے روز شمالی کشمیر کے قصبہ پٹن میں محکمے کا ایک عارضی ملازم بجلی کی ترسیلی لائن کی مرمت کرنے کے دوران کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ کے کہری بل علاقے میں بدھ کے روز ایک لائن مین بجلی کی ترسیلی لائن کی مرمت کرنے میں مصروف تھا کہ وہ بجلی کا کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا۔
انہوں نے کہا کہ گرچہ مذکورہ لائن مین کو فوری طور پبلک ہیلتھ سینٹر مٹن منتقل کیا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت 28 سالہ شبیر احمد خان ولد محمد اقبال خان ساکن چک اشرداس مٹن کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں قانونی کارروائی شروع کی گئی ہیں۔(یو این آئی)