جموں،16 اپریل :
جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے لڈوتھ گاؤں میں ہفتے کے روز ایک نوجوان غرقآب ہو کر لقمہ اجل بن گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے لڈوتھ گاؤں میں ہفتے کے روز دو نوجوان ایک ندی کو پار کرنے کے دوران ایک گڑھے میں پھنس کر غرقآب ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے جائے موقع پر پہنچ کر بچاؤ کارروائیاں شروع کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ درشن کمار اور کمال کشور نامی دو مقامی افراد نے غرقآب ہونے والے نوجوانوں کو پانی سے باہر نکالا لیکن ان میں سے ایک کی برسر موقع ہی موت واقع ہوگئی۔
متوفی کی شناخت 25 سالہ محمد نورانی ولد ایوب احمد کے بطور ہوئی ہے جبکہ زخمی کی شناخت 29 سالہ محمد اقبال ولد محمد یعقوب ساکن شمبر گھارت کے بطور ہوئی ہے۔
زخمی کو نازک حالت میں راجوری ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔(یو این آئی)