سرینگر26اپریل:
جموں وکشمیر یوتھ نیشنل کانفرنس کے زون جنوبی کشمیر کے لیڈران اور ضلع صدور کا ایک اجلاسپارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں نائب صدر عمر عبداللہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ،صوبائی یوتھ صدر سلمان علی ساگر اور ڈپٹی پولیٹکل سکریٹری مدثر شاہ میری بھی موجود تھے۔
اجلاس پارٹی یوتھ ونگ کی سرگرمیوں اور پروگرواموں کے علاوہ نوجوانوں کو درپیش مسائل و مشکلات اور چیلنجوں کے بارے میں تبادلہ خیالات کیاگیا۔
اجلاس کے شرکاء یوتھ لیڈران نے کہاکہ حکمرانوں کی نوجوان کْش پالیسیوں سے یہاں کے نوجوان کو مایوسی کے بھنور میں دھکیلا جارہاہے اور یہاں کے نوجوانوں کو کہیں بھی روشنی کی کرن نظر نہیں آرہی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ یہاں کانوجوان اس وقت ذہنی پریشانیوں میں مبتلا ہے اور ایسی صورتحال بہت سارے نوجوانوں کو منشیات اور دیگر بُرے کاموں کی طرف دھکیل رہی ہے۔ گذشتہ 3سال سے حکمرانوں کی طرف سے نوجوانوں کو لیکر جو بلند بانگ اعلانات کئے جارہے ہیں وہ صرف زبانی جمع ہی خرچ ثابت ہوئے ہیں جبکہ زمینی سطح پر کشمیر میں نوجوان کُش پالیسی اختیار کر رکھی گئی ہے۔
عمر عبداللہ نے پارٹی کی یوتھ ونگ سے وابستہ نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور منشیات اور دیگر سماجی بدعات کی روک تھام میںاپنا رول نبھائیں اور ساتھ ہی نیشنل کانفرنس کے نیا کشمیر منشور اور خصوصی پوزیشن کی بحالی کیلئے جاری جدوجہد سے لوگوں کو آگاہ کریں اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے تن دہی سے کام کریں۔