سری نگر،05 مئی :
شمالی ضلع بارہ مولہ میں واقع معروف سینٹ جوزف ہائیر سکنڈری اسکول عملے نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کے بعد اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔سٹاف ایسو سی ایشن کے عہدیدار نے بتایا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر بارہ مولہ کی یقین دہانی کے بعد جمعے سے ہی اسکول میں درس وتدریس کا کام کاج شروع ہوگا۔
شمالی ضلع بارہ مولہ میں واقع معروف سینٹ جوزف ہائیر سکنڈری اسکول میں تعینات اساتذہ اور دیگر عملہ گذشتہ قریب ایک ہفتے سے تنخواہوں میں اضافےاور دیگر مطالبوں کو لے کر ہڑتال پر تھے جس کے باعث اسکول میں تدریسی عمل معطل ہو کررہ گیا تھا ۔
ہڑتال پر بیٹھے عملے کی ایک عہدیدار نے جمعرات بعد دوپہر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ اسکول مینجمنٹ نے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہ مولہ بھوپندر کمار کے ساتھ ملاقات کی ۔
انہوں نے بتایا کہ سٹاف عملے نے بھی بعد میں ڈپٹی کمشنر کے ساتھ ملاقات کی جس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ 15سے 16دنوں کے اندرا ندر جائز مسائل کو حل کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی سی کی یقین دہانی کے بعد ہڑتال پر بیٹھے ملازمین نے جمعے یعنی 6 مئی سے اسکول میں درس و تدریس کا کام کاج شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اُن کے مطابق ملازمین اپنے جائز مسائل کوحل کرنے کی خاطر پچھلے ایک ہفتے سے ہڑتال پر تھے ، اب جبکہ ضلعی انتظامیہ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی لہذا ہم نے بھی ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔(یو این آئی)