سری نگر،05 مئی :
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبدا للہ نے جمعرات کے روز کہا کہ این سی اور اس کی پُرخلوص قیادت نے روز اول سے ہی عوام کو طاقت کا سرچشمہ سمجھا ہے اور ہمیشہ اس بات میں یقین رکھا ہے کہ سرداری عوام کا حق ہے اور یہ جماعت آج بھی اسی اصول پر چٹان کی طرح قائم و دائم ہے ۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس ہر حال میں لوگوں کی ایک مضبوط آواز رہی ہے اور آج بھی لوگوں کی بات کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرتی ہے۔
ان باتوں کا اظہار پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنی رہائش گاہ واقع گپکار روڑ میں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے عوامی وفود، معزز شہریوں،پارٹی لیڈران ، عہدیداران اور کارکنان کیساتھ ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کو اس وقت زبردست چیلنجوں ، مسائل اور مشکلات کا سامناہے ۔ بجلی اور پینے کے پانی کی سپلائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ سمارٹ میٹر نصب کرنے کی طرف مرکوز ہے جبکہ سپلائی پوزیشن بہتر کرنے کی طرف کوئی بھی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ سپلائی پوزیشن میں سمارٹ میٹر نصب کرے کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا آپ پہلے عوام کو 24 گھنٹے بجلی اور پانی کی سپلائی یقینی بنائے پھر سمارٹ میٹر نصب کرنے کی بات کیجئے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ امن و آشتی، بھائی چارہ ، ریاست کی وحدت، انفرادیت اور شناخت قائم رکھنے میں تاریخی رول ادا کرتی رہی ہے اور لوگوں کے آئینی اور جمہوری حقوق کی محافظ جماعت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس طرہ امتیاز بھی حاصل رہا ہے کہ یہ جماعت واحد سیاسی اور عوامی نمائندہ جماعت رہی ہے اور اس جماعت کی عظیم جانی اور مالی قربانیوں کی بدولت یہاں کے عوام کے وہ حقوق حاصل ہوئے جن سے وہ صدیوں تک محروم تھے۔ اسی جماعت کی کوششوں کے طفیل تینوں خطوں میں آئینی، جمہوری اور انتظامی اداروں کا قیام عمل میں آیا۔
مسٹر عمر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہر حال میں عوام کی نمائندگی کرتی رہے گی اور ہر ایک چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کریگی۔(یو این آئی)