سری نگر،12 مئی:
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے مرہامہ بجبہاڑہ علاقے میں بدھ کی شام سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے درمیان گولیوں کے مختصر تبادلے کے بعد جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور فوج نے بھی تلاشی آپریشن منسوخ کردیا ہے۔
ایک سیکورٹی عہدیدار نے بتایا کہ جنگجووں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے پر سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے بدھ کی شام اننت ناگ کے مرہامہ بجبہاڑہ علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران طرفین کے درمیان آمنا سامنا ہوا اور گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا جس کے بعد خاموشی چھا گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج نے جمعرات کی صبح جنگجووں کے لئے تلاشی آپریشن دوبارہ شروع کیا لیکن جنگجووں کا کہیں کوئی سراغ نہیں ملا جس کے بعد آپریشن کو مسنوخ کردیا گیا۔
دریں اثنا مقامی لوگوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے جنگجووں کی تلاش کے لئے ڈرونز کا بھی استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ جنگجو کس وقت فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔یو این آئی