سری نگر،13 مئی :
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عر عبداللہ نے راہل بٹ کی ہلاکت کے خلاف برسر احتجاج پنڈتوں پر پولیس کی کارروائی کو شرمناک قراردیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جب حکومت کشمیری پنڈتوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوئی ہے تو احتجاج درج کرنا ان کا حق ہے۔
بتادیں کہ وسطی ضلع بڈگام کی شیخ پورہ پنڈت کالونی میں جب جمعے کے روز بر سر احتجاج پنڈتوں نے ائر پورٹ روڈ کی طرف پیش قدمی کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے۔
پولیس کی اس کارروائی کے رد عمل میں عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’جائز احتجاج کرنے والوں کے ساتھ سختی نمٹنا انتہائی شرمناک امر ہے یہ کشمیری لوگوں کے لئے کوئی نئی بات نہیں ہے کیونکہ انتظامیہ کے پاس تمام مسائل کے ساتھ نمٹنے کے لئے یہی طریقہ کار ہے‘۔
انہوں نے ٹویٹ میں کہا: ’اگر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کشمیری پنڈتوں کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی ہے تو احتجاج کرنا ان کا حق ہے‘۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا: ’راہل کو گذشتہ روز اپنے دفتر میں جبکہ ایک پولیس اہلکار کو آج اپنے ہی گھر میں مارا گیا ٹارگیٹ ہلاکتوں کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے اس ہلاکت کی مذمت کرنے کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں‘۔
انہوں نے مہلوک پولیس اہلکار ریاض احمد کی جنت نشینی کے لئے دعا کی۔(یو این آئی)