سری نگر،24مئی:
جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے جیش سے وابستہ 8 اعانت کاروں کو قابل اعتراض مواد سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اونتی پورہ میں جیش ماڈیول کا پردہ فاش کرتے ہوئے آٹھ اعانت کاروں کو گرفتار کیا۔
ترجمان نے گرفتار شدگان کی شناخت مشتاق احمد ڈار ولد بشیر احمد ڈار، اشفاق احمد ڈار ولد عبدالرشیدڈار، منظور احمد ڈار ولد بشیر احمد ڈار ساکنان واگڈ، فیاض احمد راتھر ولد محمد رجب راتھر ساکن پستونہ، شبیر احمد راتھر ولد ثنا ا للہ راتھر ساکن سعید آباد پستونہ، محمد لطیف راتھر ولداسد اللہ راتھر ساکن سعید آباد پستونہ، شیراز احمد میر ولد غلام محمد میر ساکن آری پل اور وسیم احمد بٹ ولد عبدالغنی بٹ ساکن پستونہ کے بطور کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حراست میں لے گئے ملی ٹینٹ معاونین کے قبضے سے گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ افراد سرگرم ملی ٹیٹ آصف شیخ ساکن مونگہ ہامہ اور اعجاز بٹ ساکن سعید آباد پستونہ ترال کو منطقی مدد فراہم کر رہے تھے۔پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 75 کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔یو این آئی