سری نگر، یکم جون :
شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے سمبل علاقے میں گذشتہ شب ایک ٹرک میں آگ لگنے سے اس کا کنڈکٹر جھلس کر لقمہ اجل بن گیا جبکہ ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے شلوت سمبل علاقے میں بانڈی پورہ – سری نگر شاہراہ پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب سیمنٹ سے لدی ایک ٹرک میں اچانک آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ٹرک کا ڈرائیور اور کنڈکٹر جھلس گئے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں کو علاج و معالجے کے لئے جے وی سی ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا جہاں کنڈکٹر زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔
متوفی کنڈکٹر کی شناخت 26 سالہ راکیش سنگھ ولد درشن سنگھ ساکن چنی جموں جبکہ ڈارئیور کی شناخت 28 سالہ اجے سنگھ ولد وارڈن سنگھ ساکن بٹوٹ رام بن کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے کارروائی شروع کی ہے۔(یو این آئی)