اننت ناگ: جموں و کشمیر پولیس نے ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقہ میں خود کو انکم ٹیکس افسران کہلانے والے ایک مرد اور ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقہ میں منگل کے روز ایک مرد اور ایک خاتون سرکاری ٹریجری میں داخل ہوئے اور خود کو انکم ٹیکس افسران جتلا کر ٹریجری دفتر میں موجود ملازمین سے پوچھ تاچھ کرنے لگے۔ تاہم ڈیوٹی پر مامور ٹریجری افسر نے فوری طور پر متعلقہ پولیس اسٹیشن کو اس کے بارے میں اطلاع دی، جس کے بعد کوکرناگ پولیس تھانہ کے ایس ایچ او نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنے ٹیم کے ہمراہ کوکرناگ ٹریجری پہنچ گئے اور پتہ چلا کہ خود کو انکم ٹیکس افسران جتلانے والے دونوں افراد جعلی ہیں اور وہ ٹھگی کے فراق میں تھے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں خود ساختہ انکم ٹیکس افسران کو موقعہ پر ہی گرفتار کیا۔ دونوں کی شناخت ضلع کولگام کے کُجر علاقہ کی رہنے والی عظمیٰ سید دختر محمد سید شاہ اور حضرت بل جنگلات منڈی اننت ناگ کے رہنے والے ابرار احمد ٹھگ ولد غلام نبی ٹھگ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی۔
