سری نگر، 23اگست:
سری نگر پولیس نے شان محلہ نوگام میں جسم فروشی کے ریکٹ کا پردہ فاش کرکے تین خواتین سمیت پانچ افراد کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کرایہ کے مکان میں یہ ریکٹ چل رہا تھا اور اس معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کی جانی چاہئے۔
سری نگر پولیس نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کی طرف سے فراہم کردہ اطلاع پر پولیس نے شان محلہ نوگام میں سرپنچ کی عمارت میں چل رہے عصمت فروشی کے ریکٹ کو طشت از بام کرکے تین خواتین (مقامی) سمیت پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے۔اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن نوگام میں ایک کیس درج کیا ہے۔
دریں اثنا مقامی لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ پچھلے ایک سال سے اس عمارت میں جسم فروشی کا دھند ہ چل رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ عمارت سرپنچ کی ہے اور اس کو بھی کئی دفعہ مقامی لوگوں نے جسم فروشی کے بارے میں آگاہی فراہم کی لیکن اس نے کسی کی نہیں سنی ۔
مظاہرین کے مطابق مقامی لوگوں نے پانچ افراد کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کو اس بارے میں جانکاری فراہم کی اور نوگام پولیس نے تین خواتین سمیت پانچ افرادکو حراست میں لیا جن میں ایک غیر مقامی شہری بھی شامل ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سرپنچ کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے کیونکہ اس نے مقامی لوگوں کی شکایت پر کوئی توجہ نہیں دی۔