نیوز ڈیسک
سری نگر:گرمائی راجدھانی سری نگر کے پیر باغ علاقے سے تعلق رکھنے والی ثناءفیاض نے یونین پبلک سروس کمیشن (UPSC) کے ذریعہ منعقدہ انڈین فاریسٹ سروسIFS امتحان میں12 ویں آل انڈیا رینک حاصل کی ہے۔ثناءفیاض147 کامیاب امیدواروں میں سے ایک ہیں۔
پریزنٹیشن کانوینٹ ہائر سیکنڈری اسکول سے اسکولی تعلیم حاصل کرنے کے بعد، ثناءفیاض نے سری نگر کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (NIT) سے بیچلر آف ٹیکنالوجی کی ڈگری حاصل کی۔ماحولیاتی تحفظ کے تئیں اس کے جذبے نے اُسے موسمیاتی تبدیلی کے مطالعہ میں پوسٹ گریجویٹ ڈگری حاصل کرنے کی ترغیب دی اور، اس شعبے میں اس کی مہارت کو مزید مستحکم کیا۔معلوم ہواکہ اس کے بعد، ثناءفیاض نے 2017 میں اپنی انجینئرنگ مکمل کرنے کے فوراً بعد سول سروسز کا سفر شروع کیا۔
اس ہونہار کشمیری طالبہ کے خاندانی ذرائع نے بتایاکہ ابتدائی چیلنجوں سے بے خوف، ثناءفیاض نے ایک ہی سال میں جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس (JKAS) اور UPSC دونوں امتحانات دینے کی کوشش کی۔ اگرچہ اس وقت کامیابی اس سے دوررہی، لیکن وہ لچک اور عزم کےساتھ قائم رہی۔2021 میں، ثناءفیاض نے فاتحانہ واپسی کی، دوسری بار JKAS اور چوتھی بارUPSC میں شرکت کی۔ اس کی ثابت قدمی کا نتیجہ نکلا جب وہ دونوں کوششوں میں فتح یاب ہوئی،یوں ثناءفیاض نے اپنے کیریئر کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کو نشان زد کیا۔