سری نگر(یو این آئی) آئی جی کشمیر نے بدھ کے روز ننون بیس کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں پر سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا.
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آئی جی کشمیر ودھی کمار بردی بدھ کے روز پہلگام جا کر وہاں پر ننون بیس کیمپ کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ دورے کے دوران آئی جی کشمیر نے پولیس، فوج، سی آر پی ایف اور بارڈر سیکورٹی فورس کے سینئر آفیسران کے ساتھ میٹنگ کی جس دوران سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی جی کو پہلگام میں یاتریوں کی سیکورٹی کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مزید حفاظتی اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔
آئی جی پی نے پوترا گھپا تک سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کا بچشم جائزہ لیا اور مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کو بنائے رکھنے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے امر ناتھ یاترا کے لئے کئے گئے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور خطے میں امن کو برقرار رکھنے کی خاطر جموں وکشمیر پولیس، سی آر پی ایف سمیت دوسری سیکورٹی ایجنسیاں اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہے۔
آئی جی پی کشمیر نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ یاترا کے دوران قریبی تال میل ناگزیر ہے۔
میٹنگ کے دوران آئی جی پی کشمیر نے موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور یاتریوں، سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لیے ایک محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
میٹنگ میں دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور پہلگام میں امن و امان کو برقرار رکھنے کی حکمت عملیوں پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔
اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جی او سی وکٹر فورس بلبیر سنگھ، آئی جی سی آر پی ایف جی کے ورما، ڈی آئی جی سجیت کمار، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر جاوید متو، ڈی آئی جی سی آر پی ایف دیسوال، ایس ایس پی اننت ناگ ڈاکٹر سندیپ چکر وتی، ایس ایس پی کولگام کے علاوہ سی آرپی ایف، آئی بی پی اور بی ایس ایف کے کمانڈر موجود تھے۔