پونچھ: جموں و کشمیر کے پونچھ، راجوری، کشتواڑ اور ڈوڈہ اضلاع کے مختلف حصوں میں منگل کو سیکورٹی فورسز کے ذریعہ شروع کی گئی تلاشی مہم کے دوران حزب المجاہدین کے ایک عسکریت پسند کو گرفتار کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ کے رہنے والے عبدالخلیل کو انسداد عسکریت پسندی آپریشن کے دوران پونچھ ضلع کے سورنکوٹ علاقے سے گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خلیل سے ایک پستول اور کچھ گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ الزام لگایا گیا ہے کہ، خلیل نے سرحد پار سے دراندازی کے دوران ممنوعہ حزب المجاہدین عسکریت پسند تنظیموں کے لیے گائیڈ کے طور پر کام کیا۔
حکام نے بتایا کہ گرفتار عسکریت پسند سے ایک موبائل فون اور متعدد پاکستانی سم کارڈز قبضے میں لیے گئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ پونچھ کے دہرہ کی گلی علاقے میں دو مشتبہ عسکریت پسندوں کی سرگرمی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے تقریباً چھ دیہاتوں کو گھیرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
اطلاع ملنے کے فوراً بعد پولیس نے راشٹریہ رائفلز اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی مدد سے مشترکہ آپریشن شروع کیا۔
واضح رہے جموں خطہ میں گزشتہ چند مہینوں میں عسکریت پسندوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے معاملات سامنے آئے ہیں۔ ان حملوں میں فوج کے متعدد جوان ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جموں میں سکیورٹی فورسز ہر طرح سے الرٹ ہیں۔