سری نگر:جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج کی سربراہی میں منگل کے روز ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اے ڈی جی پی وجے کمار کی سربراہی میں سری نگر میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اے ڈی جی پی جموں آنند جین کے علاوہ پولیس ، فوج ، بی ایس ایف کے سینئر آفیسران نے شرکت کی۔
انہوں نے کہاکہ میٹنگ کے دوران انتخابی عمل کے موثر انعقاد کو یقینی بنانے کی خاطر حفاظتی انتظامات پر تبادلہ خیال ہوا۔
اے ڈی جی پی وجے کمار نے آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کی خاطر زمینی سطح پر کارگر اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اے ڈی جی پی نے انتخابات کے دوران سیکورٹی فورسز کومعقول ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے متعلقہ محکمے کو ہدایات جاری کیں۔
اے ڈی جی پی جموں اور کشمیر نے آر ٹی او کشمیر پر زور دیا کہ انتخابات کے دوران سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کی آسان نقل و حمل کو یقینی بنانے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
اے ڈی جی پی نے کشمیر زون کے تمام ضلعی ایس ایس پیز پر زور دیا کہ قانونی طریقہ کار پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ طے شدہ ایس او پیزپر سختی کے ساتھ عمل کرنا ناگزیر بن گیا ہے۔
آفیسران کوبریفنگ دیتے ہوئے وجے کمار نے کہاکہ ہم انتخابی عمل کو انتہائی پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے پر عزم ہیں۔
انہوں نے انتخابات کے دوران امن و قانون کی صورتحال کوبرقرار رکھنے اور پر امن انتخابات کو یقینی بنانے کی خاطر ایک مفصل خاکہ پیش کیا۔
وجے کمار نے میٹنگ میں شریک سبھی آفیسران کو ہدایت دی کہ کسی بھی ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لئے چوبیس گھنٹے مستعد رہنے کی ضرورت ہے۔