سری نگر:جموں وکشمیر پولیس نے سرحدی ضلع کپواڑہ میں پاکستان میں مقیم دوملی ٹینٹ ہینڈلرزکی لاکھوں روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو منسلک کر دیا ہے۔
پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے کپواڑہ میں ملی ٹینٹ ہینڈلر اسد میر ولد دیاں میر اور منظور قریشی عرف میر ولد عبدالرشید قریشی ساکنان جمہ گنڈ کپواڑہ کی دو کنال چھ مرلہ اراضی کو قرق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ترہگام میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پولیس کی تحقیقات اور انٹیلی جنس معلومات کے دوران یہ جائیداد مفرور ملی ٹینٹ ہینڈلروں کی پائی گئی۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ دونوں دہشت گرد ہینڈلر مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر کے امن و سلامتی کے لیے مستقل خطرہ رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق دہشت گردی کے ماحولیاتی نیٹ ورک کو ختم کرنے کی خاطر اس طرح کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔