نئی دہلی، 25 اپریل:
کورونا کے دور میں بری طرح متاثر سیاحت کا شعبہ گزشتہ فروری میں وبا کی تیسری لہر کے بعد اس کے اثرات کم ہونے سے غیر ملکی سیاحوں کی آمد (ایف ٹی اے) سے دوبارہ بحالی کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس سے وابستہ کاروباری افراد اورتاجروں میں جوش و خروش کی لہربھی ہے۔
محکمہ سیاحت کے اعداد و شمار کے مطابق فروری 2022 میں ایف ٹی اے بڑھ کر 2.40 لاکھ رہاجو اس سے پچھلے مہینے2.01 لاکھ تھا۔
ایف ٹی اے میں اضافہ مقامی ٹور آپریٹرز اور اس سے وابستہ دیگر تاجروں کے لیے بڑی راحت ہے۔ دسمبر 2021 میں، ایف ٹی اے 3.03 لاکھ تک پہنچ گیا، لیکن اگلے کورونا انفیکشن کے خوف کی وجہ سے، اس میں کمی درج کی گئی۔
غیر ملکی سیاحوں کی آمد کی تعداداکتوبر اور نومبر 2021 میں بالترتیب 1.81 لاکھ اور 2.51 لاکھ تھی۔
ایس ٹی آئی سی ٹریول گروپ کے چیئرمین اور کنفیڈریشن آف ٹورازم پروفیشنلز کے صدر سبھاش گوئل نے یو این آئی کو بتایا کہ طے شدہ بین الاقوامی پروازوں اور ای ویزا کے آغاز کے بعد ہندوستان میں سیاحت میں تیزی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صورتحال برقرار رہتی ہے اور کووڈ کی وجہ سے کوئی رکاوٹ نہیں آتی ہے، تو ہم 1.10 کروڑ کے ہدف کو چھو لیں گے، بلکہ اس سے بھی تجاوز کر جائیں گے۔ سال 2019 میں ہندوستان نے تقریباً 30 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایاتھا۔ ہم سال 2022-23 میں 35 ارب ڈالرکمائی کی توقع رکھتے ہیں۔ (یو این آئی)