نئی دہلی، 6 مئی :
بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل کو عبور کرنے کے باوجود ملک میں تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے جمعہ کو 30ویں دن بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا۔
ملک کی سب سے بڑی پبلک سیکٹر آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ (آئی او سی ایل ) کے مطابق دہلی میں آج پٹرول 105.41 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 96.67 روپے فی لیٹر پر مستحکم رہا۔ ممبئی میں پٹرول کی قیمت 120.51 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 104.77 روپے فی لیٹر ہے۔
عالمی منڈی میں لندن برینٹ کروڈ آج 0.32 فیصد اضافے کے ساتھ 111.26 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے اور یو ایس کروڈ 0.36 فیصد اضافے کے ساتھ 108.65 ڈالر فی بیرل پر ہے۔
ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 137 دن کے استحکام کے بعد گزشتہ 22 مارچ سے اضافہ ہونا شروع ہوا۔ تیل کمپنیوں نے 40 دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 14 بار اضافہ کیا۔ اس دوران ان کی قیمتوں میں تقریباً 10 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی بنیاد پر قیمتیں طے کی جاتی ہیں۔(یو این آئی)