نئی دہلی07اپریل:
ملک میں پہلے ہی مہنگائی سے پریشان عام آدمی کو آج ایک اور جھٹکا لگا ہے۔ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ 14.2 کلو گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں آج سے 50 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی نئی قیمت اب 999.50 روپے فی سلنڈر ہوگی۔ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں اضافہ آج سے ملک بھر میں نافذ ہو گیا ہے۔
غور طلب ہے کہ اس سے قبل 22 مارچ کو گھریلو ایل پی جی کی قیمت میں 50 روپے فی سلنڈر کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد دہلی میں 14.2 کلو کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 949.50 روپے تک پہنچ گئی تھی۔ اب ایک بار پھر عوام مہنگائی کی زد میں آگئے ہیں۔ قیمت میں اضافے کے بعد اب دہلی میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 999.50 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ رواں ماہ کی یکم تاریخ کو تیل کمپنیوں نے ایل پی جی گیس کی قیمت میں 102.50 روپے کا اضافہ کیا تھا۔ یہ قیمتیں 19 کلوگرام کے کمرشل سلنڈر پر بڑھائی گئی تھی۔ قیمت میں اضافے کے بعد نیلے رنگ کے اس سلنڈر کی نئی قیمت دہلی میں اب 2355.50 روپے ہوگئی ہے۔ پہلے اس کی قیمت 2253 روپے تھی۔ وہیں 5 کلو کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت فی الحال 655 روپے ہے۔ ایک ماہ قبل یکم اپریل کو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 250 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل یکم مارچ کو 19 کلو کے کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں 105 روپے جب کہ 22 مارچ کو 9 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔