نئی دہلی، 21 جولائی :
کانگریس اور 13 ہم خیال اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے مودی حکومت کی پالیسیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے عوام دشمن اور آئین مخالف قرار دیا اور کہا کہ وہ حکومت کی ملک کو تباہ و برباد کرنے والی پالیسیوں کے خلاف متحد ہو کر لڑیں گے جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ میں راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے کے چیمبر میں منعقدہ میٹنگ میں شرکت کے بعد جاری مشترکہ بیان میں اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیاں عوام دشمن، کسان مخالف اور آئین مخالف ہیں جو ملک کی ہم آہنگی کو خراب کر رہے ہیں اور سماجی تانے بانے کو تباہ کر رہے ہیں اس لیے ہم خیال جماعتیں مل کر حکومت کی ان پالیسیوں کے خلاف لڑیں گی۔
حکومت کی ان پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے بیان میں کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر اپوزیشن کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے اور انتقامی کارروائیوں کے ذریعے انہیں غیر معمولی طریقے سے ہراساں کر رہی ہے۔
کانگریس کے ساتھ ساتھ ڈی ایم کے، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، نیشنل کانفرنس، تلنگانہ راشٹرا سمیتی، آئی یو ایم ایل، ایم ڈی ایم کے، وی سی کے، شیو سینا، راشٹریہ جنتا دل اور سماج وادی پارٹی کے لیڈروں نے شرکت کی۔ ان تمام جماعتوں کے رہنماؤں نے اس اجلاس میں شرکت کی اور بعد میں اس مشترکہ بیان پر دستخط کئے۔