نئی دہلی، (یو این آئی) ہندوستان کے دورے پر آئے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
مسٹرمودی نے کہا ہے کہ برطانیہ میں انتخابات کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کے بعد جلد ہی وہاں کے وزیر خارجہ لیمی کا دورہ ظاہر کرتا ہے کہ وزیر اعظم کیئر اسٹارمر ہندوستان کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانے کو کتنی ترجیح دیتے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ برطانیہ کے وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی سے مل کر خوشی ہوئی۔ ہم جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو وسعت دینے اور گہرا کرنے کے لیے وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کی جانب سے دی گئی ترجیح کو سراہتے ہیں۔ ہم ان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم دو طرفہ ٹیکنالوجی سیکورٹی پہل اور باہمی طور پر فائدہ مند آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کے لیے جاری مذاکرات کو اختتام تک پہنچانے کی خواہش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔