ترواننت پورم: کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین کے قافلے کو پیر کی شام ترواننت پورم کے وامان پورم میں حادثہ پیش آیا اور ایک کے بعد ایک پانچ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ شام ساڑھے چھ بجے کے قریب پیش آیا جب راستے میں آنے والی دو پہیہ گاڑی پر سوار خاتون کو بچانے کے لیے پائلٹ گاڑی نے اچانک بریک لگائی جس کے باعث وزیر اعلیٰ کو لے جانے والی گاڑی سمیت پانچ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
پولیس اسکارٹ نے وزیر اعلیٰ وجین کی گاڑی کے پیچھے سے ٹکر مار دی۔ یہ خوش قسمتی ہے کہ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ حادثے کے وقت وزیر اعلیٰ وجین کا قافلہ کوٹائم سے ترواننت پورم جا رہا تھا۔
وزیر اعلیٰ کو لے جانے والی گاڑی، ایک کمانڈو گاڑی، ایک پولیس اسکارٹ گاڑی اور ایک ایمبولینس حادثے کا شکار ہوگئیں۔ تاہم جس گاڑی میں وزیر اعلیٰ سفر کر رہے تھے اس کو کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا اور انہوں نے اسی گاڑی میں اپنا اگلا سفر جاری رکھا۔ دیگر حفاظتی گاڑیاں وامان پورم میں موقع پر کھڑی رہیں۔
