کولکتہ، 17 مئی:
ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے ممبئی انڈینز (ایم آئی) کے کپتان روہت شرما کے نقطہ نظر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تلک ورما ہندوستان کے تمام فارمیٹ کے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔
ایم آئی کے 19 سالہ بلے باز تلک ورما نے اپنے پہلے آئی پی ایل سیزن میں اپنی تکنیک اور تحمل سے سبھی کا دل جیتا ہے۔ آئی پی ایل 2022 میں تلک کی کارکردگی سے ممبئی انڈینز کو راحت ملی ہے جو اپنا راستہ کھو چکے ہیں۔
تلک کی تعریف کرتے ہوئے گواسکر نے کہا کہ ان کے پاس ایک اچھے کرکٹر کا دماغ ہے جو انہیں پرسکون رہنے میں مدد کرتا ہے۔
اسٹار اسپورٹس کے کرکٹ لائیو پر بات کرتے ہوئے گواسکر نے کہا’’تلک ورما کا مزاج (آئی پی ایل 2022 میں) لاجواب رہا ہے۔ وہ چنئی سپر کنگز کے خلاف اس وقت کریز پر آئے جب ٹیم دباؤ میں تھی لیکن جس طرح انہوں نے دو رنز بنا کر اپنی اننگز کو آگے بڑھایا وہ انتہائی متاثر کن تھا۔ انہوں نے کئی شاٹس کھیلے اور اسٹرائیک روٹیٹ کرتے رہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں کرکٹ کی اچھی سمجھ ہے، اور مجھے یقین ہے کہ یہ بھی بہت اہم ہے۔ جب آپ کا کرکٹ کھیلنے کا دماغ اچھا ہوتا ہے تو آپ برے وقت میں خود کو اوپر اٹھا سکتے ہیں۔ آپ اپنے کھیل کا تجزیہ کر سکتے ہیں اور فارم میں واپس آ سکتے ہیں‘‘۔
گواسکر نے یہ بھی کہا کہ تلک کرکٹ کے بنیادی منتر کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے روہت سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد سے آنے والے تلک ہندوستان کے لیے ہر فارمیٹ میں کھیل سکتے ہیں۔
گواسکر نے کہا’’وہ کرکٹ کے بنیادی اصولوں کو صحیح طریقے سے سمجھتے ہیں۔ ان کی تکنیک بھی بہترین ہے۔ مجھے امید ہے کہ وہ اپنی اس کارکردگی کو جاری رکھے گا۔ روہت شرما نے درست کہا کہ وہ ہندوستان کے لیے ہر فارمیٹ کا کھلاڑی بن سکتا ہے۔ اب یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ مزید محنت کریں، اپنی صحت پر کام کریں اور اپنی تکنیک کو مزید بہتر بنا کر روہت کو درست ثابت کریں۔ (یو این آئی)