نئی دہلی، 13 جولائی :
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں ایک خاص کامیابی حاصل کی ہے۔ روہت نے اس میچ میں صرف 58 گیندوں پر ناٹ آوٹ 76 رن کی شاندار اننگ کھیلی، جس میں انہوں نے سات چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔ اس کے ساتھ ہی روہت ون ڈے فارمیٹ میں 250 چھکے لگانے والے پہلے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔
روہت نے یہ سنگ میل 19ویں اوور میں تیز گیند باز برائیڈن کارس کی دوسری گیند پر فائن لیگ کے ایریا سے چھکا لگا کر حاصل کیا۔ اب وہ سنتھ جے سوریا (270)، کرس گیل (331) اور شاہد آفریدی (351) کے بعد ون ڈے میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے بازوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔
پہلے ون ڈے کی بات کریں تو اس میچ میں انگلینڈ کے بلے بازوں نے ہندوستانی تیز گیندبازی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے اور پوری ٹیم 25.2 اوور میں 110 رن پر ڈھیر ہو گئی۔ ہندوستانی تیز گیندباز جسپریت بمراہ نے 7.2 اوور میں 3 میڈن کے ساتھ 6/19 حاصل کیے۔ بمراہ کے علاوہ محمد شامی نے تین اور پرسدھ کرشنا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کے ٹاپ چھ میں سے چار بلے باز کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ جواب میں روہت شرما (ناٹ آوٹ 76رن) اور شیکھر دھون (31 ناٹ آوٹ رن) کی عمدہ اننگز کی بدولت ہندوستان نے 18.4 اوور میں 114 رن بنا کر کامیابی حاصل کی۔
