لندن،13 جولائی:
انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں محض 19 رن دے کر 6 وکٹیں لینے والے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے ایک خاص کارنامہ اپنے نام کر لیا ہے۔بمراہ نے انگلینڈ میں ہندوستانی گیند باز کے ذریعہ ون ڈے میں بہترین گیندبازی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ انہوں نے اسپنر کلدیپ یادو کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے 2018 میں ناٹنگھم میں انگلینڈ کے خلاف 25 رن کے عوض میں 6وکٹیں حاصل کی تھیں ۔
اس کے علاوہ بمراہ نے ون ڈے میں ایک ہندوستانی گیند باز کے ذریعہ تیسری بہترین کارکردگی بھی درج کی، جو اب صرف اسٹیورٹ بنی (6/4) اور انل کمبلے (6/12) کے پیچھے ہیں۔ وہ ون ڈے میں ایک اننگ میں چھ وکٹیں لینے والے 10 ہندوستانی گیند بازوں کی فہرست میں شامل ہو گئے۔پہلے ون ڈے کی بات کریں تو ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بمراہ نے دوسرے ہی اوور میں جیسن رائے اور جو روٹ کو پویلین بھیجا۔ دونوں بلے باز کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔اس کے بعد انہوں نے خطرناک جونی بیرسٹو اور لیام لیونگ اسٹون کو آوٹ کیا۔ بمراہ نے 7.2 اوور میں 3 میڈن کے ساتھ 19 رن پر 6 وکٹ لئے۔
بمراہ کی خطرناک گیند بازی نے ہندوستان کو انگلینڈ کو 110 پر ڈھیر کرنے میں مدد کی، جو 50 اوور کے فارمیٹ میں ہندوستان کے خلاف ان کا سب سے کم اسکور ہے۔ انگلینڈ کے ٹاپ چھ میں سے چار بلے باز کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ بمراہ کے علاوہ محمد شامی نے تین اور پرسدھکرشنا نے ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں روہت شرما (ناٹ آوٹ 76) اور شیکھر دھون (31 ناٹ آوٹ) کی عمدہ اننگ کی بدولت ہندوستان نے 18.4 اوور میں 114 رن بنا کر جیت حاصل کی۔