دبئی ، 7 ستمبر:
پاکستان کے سلامی بلے باز محمد رضوان بدھ کو جاری کردہ آئی سی سی ٹی 20 بلے بازوں کی رینکنگ میں سرفہرست پر پہنچ گئے ہیں۔ رضوان نے اپنے ساتھی اور پاکستانی کپتان بابر اعظم کی جگہ ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے۔رضوان نے ہانگ کانگ کے خلاف ایشیا کپ گروپ اے کے میچ میں 57 گیندوں پر 78 اور بھارت کے خلاف51 گیندوں پر 71 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ رضوان کے 815 ریٹنگ پوائنٹس ہیں اور وہ پہلی بار ٹاپ پر پہنچے ہیں۔رضوان بابر کے بعد صرف تیسرے پاکستانی بلے باز ہیں جو ٹی20 بیٹنگ رینکنگ میں نمبر 1 پر پہنچے ہیں۔ بابر مجموعی طور پر 1155 دنوں تک رینکنگ میں سرفہرست رہے۔ بابر سے پہلے، مصباح الحق 20 اپریل 2008 سے 27 فروری 2009 تک مجموعی طور پر 313 دنوں تک سرفہرست رہے۔
ہندوستانی بلے باز سوریہ کمار یادو تازہ ترین اپ ڈیٹ میں چوتھے نمبر پر کھسک گئے ہیں۔ تاہم ایشیا کپ میں اچھی پرفارمنس کے بعد سری لنکا اور افغانستان کے کئی کھلاڑیوں نے رینکنگ میں فائدہ اٹھایا ہے۔سری لنکا کے اوپنرز پاتھم نسانکا اور کوسل مینڈس نے منگل کو بھارت کے خلاف اپنی نصف سنچریوں کے ساتھ نمایاں پیش رفت کی۔ نیسنکا ایک درجہ ترقی کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہیں جبکہ مینڈس 63 درجے ترقی کے ساتھ 41 ویں نمبر پر ہیں۔داسون شناکا ( 11 درجے ترقی کر کے 39 ویں نمبر پر ) اور بھانوکا راجا پاکسے ( 31 درجے ترقی کر کے 68 ویں ) بلے بازوں کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے۔ جب کہ آف اسپنر مہیش تیکشا بولرز کی رینکنگ میں پانچ درجے ترقی کر کے آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
افغانستان کے بلے باز نجیب اللہ زدران بنگلہ دیش کے خلاف 43 رنز بنانے کے بعد دو درجے ترقی کرکے 28 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ اسپنرز مجیب الرحمان (تین درجے اوپرچڑھ کر چھٹے نمبر پر) اور محمد نبی (دو درجے ترقی کر کے 32ویں نمبر پر) بھی رینکنگ میں اضافہ کر چکے ہیں۔بھارتی کپتان روہت شرما سری لنکا کے خلاف اپنے سپر فور میچ میں 72 رنز بنانے کے بعد چار درجے ترقی کے ساتھ 13 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ سابق کپتان وراٹ کوہلی پاکستان کے خلاف 60 رنز بنا کر چار درجے ترقی کر کے اس فہرست میں 29 ویں نمبر پر ہیں۔ رینکنگ میں روی چندرن اشون (آٹھ مقام چڑھ کر 50ویں نمبر پر ) اور ارشدیپ سنگھ ( 28 درجے چڑھ کر 62ویں نمبر پر) بھی رینکنگ میں آگے بڑھے ہیں۔
