حیدرآباد: ممبئی کے کرکٹر سرفراز خان نے جموں و کشمیر کے شوپیاں ضلع میں شادی کر لی ہے۔ سرفراز خان کے شادی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔ وائرل تصاویر میں سرفراز خان سسرال میں کالی شیروانی میں دیکھا جا سکتا ہے۔ سرفراز خان نے ایک مقامی پورٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں شادی کرنا ان کی تقدیر میں لکھا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ” اگر اللہ تعالیٰ نے چاہا تو میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے بھی کھیلوں گا۔”
واضح رہے کہ سرفراز خان پہلی بار 2009 میں اس وقت سرخیوں میں آئے جب سرفراز خان نے حارث شیلڈ ٹرافی میں 439 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس اننگز نے انہیں راتوں رات اسٹار بنا دیا اور سب کی نظریں ممبئی کے اس نوجوان بلے باز پر جم گئیں۔ پھر سرفراز خان پر عمر میں دھاندلی کا الزام بھی لگا لیکن وہ اس مرحلے کو پیچھے چھوڑ کر مسلسل کارکردگی کی بنیاد پر ممبئی کی انڈر 19 ٹیم میں پہنچے اور بعد میں بھارت کی انڈر 19 ٹیم میں منتخب ہو گئے۔ اس کے بعد سے سرفراز خان کے رنز بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سرفراز خان کا تعلق اتر پردیش کے اعظم گڑھ سے ہے۔ لیکن ان کا خاندان ممبئی میں جاکر آباد ہوگیا جس کے بعد سے وہ رنجی ٹرافی میں ممبئی کی طرف سے کھیلتے ہیں۔ بارہ سال کی ہی عمر میں ہیرس شیلڈ انٹر سکول ٹورنامنٹ میں سرفراز نے 439 رنز کی اننگز کھیلی تھی شائد ہی ممبئی کرکٹ میں کوئی ایسا ہوگا جس کو یہ اننگز یاد نہ ہو۔
واضح رہے کہ آئی پی میں سرفراز پہلے رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کی طرف سے بھی کھیل چکے ہیں اور سنہ 2015 میں آر سی بی نے سرفراز خان کو 50 لاکھ روپے میں خریدا تھا، اس وقت ان کی عمر صرف 17 سال تھی اور ابھی وہ آئی پی ایل میں دہلی کیپیٹل کے لیے کھیلتے ہیں۔