سری نگر،24 مارچ:
وادی کشمیر میں دوران شب بارشوں کے باوجود شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہی ریکارڈ ہوا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 25 مارچ سے30 مارچ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں دوران شب 4.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 8.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 5.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ جہاں دوران شب 1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 7.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔دریں اثنا وادی میں جمعرات کی صبح سے ہی موسم خشک رہا اور دھوپ بھی چھائی رہی تاہم مطلع پر چھائے بادلوں نے آفتاب کو اپنے پیچھے چھپانے کی بھی کئی کامیاب کوششیں کیں۔یو این آئی