ادھم پور: وزیراعظم نریندر مودی نے جموں کشمیر کے ضلع ادھم پور میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘جموں ہو یا کشمیر، اب یہاں ریکارڈ تعداد میں سیاح اور عقیدتمند آنا شروع ہو گئے ہیں۔ یہاں کی کئی نسلوں نے یہ خواب دیکھا ہے اور میں آپ کو ضمانت دیتا ہوں کہ آپ کا خواب مودی کا عزم ہے۔ پی ایم نے کہا کہ اب جموں و کشمیر اسٹارٹ اپس کے لیے جانا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس رام مندر سے کتنی نفرت کرتی ہے، کانگریس کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ رام مندر بی جے پی کے لیے انتخابی مسئلہ ہے۔ مودی نے کہا کہ رام مندر ہمارے لئے کبھی بھی انتخابی مسئلہ نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ تین چیزیں کبھی نہیں بھول سکتے۔ رام مندر کی تعمیر 500 سال بعد ہوئی ہے۔ یہ کام عدالت کے فیصلے سے ہوا ہے۔ عظیم الشان رام مندر سرکاری خزانے سے نہیں بلکہ شہریوں کے عطیات سے بنایا گیا۔ پی ایم مودی نے کہا، ‘وہ وقت دور نہیں جب جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات ہوں گے۔ جموں و کشمیر کو دوبارہ ریاست کا درجہ ملے گا اور جموں و کشمیر میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری ہوگی، یہاں ترقی کی نئی جہتیں قائم ہوں گی۔ مودی نے کہاکہ کشمیر میں پہلے اسکولوں کو جلایا جاتا تھا، لیکن اب اسکولوں کو سجایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کے بعد جموں و کشمیر آزادی سے سانس لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خاندان کے ارکان جو ادھم پور سے یہاں مجھے آشیرواد دینے آئے ہیں کو مودی گیارنٹی ہے کہ علاقہ اگلے پانچ سالوں میں ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو لے گا.