سری نگر /لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج راج بھون میں جموں و کشمیر ہائیر ایجوکیشن کونسل میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ،چیف سیکرٹری اَتل ڈولو،وائس چیئرمین جموں و کشمیر ہائیر ایجوکیشن کونسل پروفیسر دنیش سنگھ،پرنسپل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ آلوک کمار،وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر امیش رائے، وائس چانسلرکشمیر یونیورسٹی پروفیسر نیلوفر خان، وائس چانسلر آئی یو ایس ٹی پروفیسر شکیل احمد رومشو، وائس چانسلر ایس ایم وِی ڈِی یو پرگتی کمار، وائس چانسلر بی جی ایس بی یو پروفیسر اکبر مسعود، وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی سری نگر پروفیسر قیوم حسین،وائس چانسلر ایس کے یو اے ایس ٹی جموں ڈاکٹر بی این ترپاٹھی، وائس چانسلر ایس کے یو اے ایس ٹی کشمیرڈاکٹر نذیر احمد گنائی اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی میں کونسل نے جموںوکشمیر یوٹی میں تعلیمی شعبے میں جامع تبدیلی پر تبادلہ خیال کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے تمام شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ معاشرے کی خدمت میں اِنسانی صلاحیتوں کو عملی جامہ پہنانے پر توجہ مرکوز کریں۔ اُنہوں نے اعلیٰ تعلیم کے ہر کورس کی اَقدار کا جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ وہ طلبأ اور آجروں کی توقعات پر پورا اُترتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا،’’اعلیٰ تعلیم کا ایک مقصد مستقبل کے رہنماؤں کو تیار کرنا ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کونسل کے تحت ہم مضامین کی افادیت کا دیانتدارانہ جائزہ لیں گے اورکیا یونیورسٹیوں کی طرف سے سرمایہ کاری پر منافع تسلی بخش ہے ۔‘‘
میٹنگ میں جموں و کشمیر یونیورسٹیوں میں این اِی پی 2020 ء کی عمل آوری کی صورتحال، ڈیزائن یور ڈگری (ڈِی وائی ڈِی) پروگرام کے لئے اَپ ڈیٹس، دیرپایت اور توسیعی روڈ میپ، انٹرپرینیورشپ، سٹارٹ اَپ کو فروغ دینے کے اَقدامات،ہنرمندی کے پروگراموں اور 2024-25 ء کے لئے نئے مشترکہ پروگراموں اور اَقدامات کے لئے تجاویز سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے تعلیمی شعبے میں مؤثر پالیسیوں اور اصلاحات کے لئے یو ٹی اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کے اعلیٰ تعلیم کے منظر نامے میں تبدیلی لانے میں کونسل کے تمام ممبران اورشراکت داروں کے تعاون کی سراہنا کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اعلیٰ تعلیمی اِداروں پر زور دیا کہ وہ ڈیزائن یور ڈگری جیسے اختراعی پروگراموں کو مقررہ وقت میں عملائیں۔اُنہوں نے کہا کہ نصاب اور کلاس روم لرننگ کواِختراعی ہونا چاہئے اور اِس میں طلبأ میں مسائل کو حل کرنے کی سکلزکی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں یو ٹی کے اعلیٰ تعلیمی اِداروں کو مستقبل کے کاروباری افراد کی پرداخت کے قابل بنانا ہوگا۔
وائس چیئرمین جے کے ایچ ای سی پروفیسر دنیش سنگھ نے قومی تعلیمی پالیسی کے وسیع تر تناظر میں ڈیزائن یور ڈگری پروگرام کی روح کو سمجھنے پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک تعلیمی ادارے کے طور پر ہمیں اپنی طاقت اور کمزوری کوپہچاننا چاہیے اور طلبأ کو بااِختیار بنانا چاہئے کہ وہ کلاس روم لرننگ کی نئی تعریف میں قائدانہ کردار ادا کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر،چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وائس چانسلروں اور کونسل کے ممبران نے این اِی پی 2020 کی عمل آوری اور یو ٹی میں ڈیزائن یور ڈگری (ڈِی وائی ڈِی) پروگرام کی دیرپایت اور توسیع کے بارے میں اَپنے اَپنے خیالات کا اظہار کیا۔
کونسل نے ڈی وائی ڈی پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا جن میں قرضوں کے اشتراک اور وسائل کے اشتراک کے لئے زیادہ سے زیادہ بین الادارہ جاتی تعاون کے خیالات شامل ہیں۔
میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری محکمہ خزانہ سنتوش ڈی ویدیا، ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ،کمشنر سیکرٹری آئی آئی ٹی بمبئی وکرم جیت سنگھ اور آئی آئی ٹی بمبئی کے پروفیسر کووی آریہ،ڈائریکٹر کلسٹر انوویشن سینٹر دہلی یونیورسٹی محترمہ شوبھا بگائی اور پرنسپل امر سنگھ کالج پروفیسر شیخ اعجاز بشیر نے بھی شرکت کی۔