اننت ناگ: جموں و کشمیر میں ضلع اننت ناگ کے نیپورہ علاقے میں ہفتہ کی سہ پہر ایک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں پنجاب کے چار شہری ہلاک ہوگئے۔ حکام نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے نیپورہ علاقے میں پیش آئے سڑک حادثے میں پنجاب کے چار شہریوں کی موت ہوگئی جبکہ دیگر تین شدید زخمی ہوئے ہیں۔ قاضی گنڈ سے سرینگر جانے کے دوران ایک اسکارپیو گاڑی نپورہ علاقے میں گرڈ اسٹیشن کے قریب سڑک سے پھسل گئی۔ حادثہ کے وقت گاڑی میں 7 سیاح سوار تھے اور سبھی کا تعلق پنجاب کے ضلع موگا سے ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر GMC ہسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیا، جہاں تین کی حالت نازک بتائی گئی۔ حادثہ کے بعد پولیس واقعہ پر پہنچ گئی اور مقامی لوگوں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں مدد کی۔
سڑک حادثہ میں مرنے والوں کی شناخت 28 سالہ سندیپ شرما، 26 سالہ رومی، 23 سالہ جگدیش اکاہنی اور 23 سالہ گرمیت سنگھ کے طور پر کی گئی وہیں زخمیوں میں 34 سالہ ہرچند سنگھ، 18 سالہ اشو اور 25 سالہ کرن پال شامل ہیں۔ زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔