کشی نگر:وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ مرکز میں تیسری بار حکومت بنانے کے بعد ون نیشن ون الیکشن کا نظام نافذ کئے جانے کی سمت میں کام کیا جائے گا۔
انتخابی مہم کے آخری دن سنگھ نے جونیئر ہائی اسکول رام کولا کے کھیل میدان میں پارٹی امیدوار وجئے کمار دوبے کی حمایت میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا’ کتنا اچھا ہوتا کہ پورے ملک میں لوک سبھا اور اسمبلی کے انتخابات ایک ساتھ منعقد ہوتے۔ بی جےپی اگلے پانچ سالوں میں ون نیشن ون الیکشن نظام نافذ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس سالوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کے مضبوط قیادت میں پوری دنیا میں ہندوستان کے احترام میں اضافہ ہوا ہے۔ پہلے بیرون ممالک میں جب ہندوستان لیڈر بولتے تھے تب کوئی دھیا ن نہیں دیتا تھا لیکن آج کا ہندوستان جب عالمی اسٹیج پر بولتا ہے تو ساری دنیا کان لگا کر سنتی ہے کہ ہندوستان بول کیا رہا ہے۔ یہ بدلتے ہندوستان کی نئی تصویر ہے۔
سنگھ نے کہا کہ جو کام گذشتہ کئی سرکاریں نہیں کرسکیں وہ نریندر مودی نے محض 10 سالوں میں کردیا۔ پاکستانی ایم پی فضل الرحمان نے پاکستانی پارلیمنٹ میں قبول کرلیا ہے کہ ہندوستان عالمی طاقت بن رہا ہے اور پاکستان اپنی بربادیوں کو بچانے کو در در ہاتھ پھیلا رہا ہے لیکن سماجو ادی پارٹی(ایس پی) اور کانگریس کو یہ سمجھ نہیں آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے پورے ملک میں جگہ جگہ آئے دن دہشت گردانہ حملے ہوا کرتے تھے لیکن اب دہشت گردانہ حملے تقریبا ختم ہوگئے ہیں ۔ کیونکہ اب دشمن ملک بھی سمجھ گیا ہے کہ آج کو ہندوستان کمزور نہیں ہے۔ اب ہندوستان سرحد پر پلٹ وار بھی کرتا ہے اور ضرورت پڑنے پر سرحد پار کر کے وار کرنے میں ذرا تامل نہیں کرتا ہے۔