دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ چار دنوں میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان چار انکاؤنٹر کے بعد جموں و کشمیر کی صورتحال کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقدہ کیا۔ وزیراعظم کی صدارت میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں وزیر داخلہ امت شاہ اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول بھی موجود تھے اور جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم کو مرکز کے زیر انتظام علاقے کی سیکورٹی سے متعلق صورتحال اور مسلح افواج کی طرف سے انسداد عسکریت پسندی کی کارروائیوں سے متعلق مکمل رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیر اعظم نے حکام سے کہا کہ وہ مسلح افواج کی انسداد دہشت گردی کاروائیوں کو جاری رکھیں اور عسکریت پسندوں کو مناسب جواب دیا جائے۔
جائزہ اجلاس میں وزیر اعظم نے امت شاہ سے سیکورٹی فورسز کی تعیناتی اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی بات کی اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہیں مقامی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز جموں و کشمیر کے ڈوڈا ضلع میں ایک تازہ تصادم ہوا تھا، جس میں ایک فوجی زخمی ہوگیا۔ گزشتہ 96 گھنٹوں یا چار دنوں میں ڈوڈہ میں یہ دوسرا اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ میں چوتھا تصادم تھا۔9 جون کو عسکریت پسندوں نے ریاسی ضلع میں ایک بس میں زائرین پر حملہ کردیا تھا جس میں نو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔