سرینگر : جموں کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے جمعرات کی سہ پہر دسویں جماعت کے سالانہ امتحانی نتائج کا اعلان کیا، جس میں79.25 فیصد امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے مطابق سالانہ امتحان میں پاس ہونے والی لڑکیوں کی مجموعی تعداد 81.10 فیصد رہی جبکہ لڑکوں کی تعداد 77.3 فیصد ہے۔ ایسے میں پاس ہوانے والی طالبات کی شرح لڑکوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
بتا دیں کہ گزشتہ کئی دنوں سے میڈیا پر دسو یں جماعت کے امتحانی نتائج ظاہر ہونے کی خبر گردش کر ہی تھیں، جس کے نتیجے میں وادی کشمیر کے اطراف واکناف میں امیداوار اپنے اپنے نتائج دیکھنے کی خاطر بورڈ کی ویب سائٹ پر اپنی نظریں لگائے بیٹھے تھے۔ اب نتائج ظاہر ہونے کے ساتھ ہی کہیں خوشی اور کہیں غم کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کشمیر میں بارہویں جماعت کے نتائج کا بھی اعلان کیا گیا جس میں پاس ہونے والے طلباء کی شرح 74 فیصد تھی۔ بارہویں جماعت کے سالانہ امتحان میں مجموعی طور پر72180 امیداوار شامل ہوئے تھے جن میں 54700امیداوار کامیاب قرار دئے گئے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں ’’یکسان تعلیمی کلینڈر‘‘ کا نفاذ عمل میں لائے جانے کے بعد لگاتار دوسری مرتبہ یہاں بھی اب مارچ سیشن میں امتحانات منعقد کیے گئے۔ عوامی اصرار اور احتجاج کے باوجود حکومت اس ضمن میں غور و فکر نہیں کر رہی۔