سری نگر، 22 جولائی (یو این آئی) شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں پولیس نے انسانی اسمگلنگ میں مبینہ طور پر ملوث مزید دو افراد کو گرفتار کرکے تین نابالغ لڑکیوں کو باز یاب کیا ہے۔
اس طرح پولیس نے تحقیقات کے دوران اس کیس میں ملوث گرفتار شدگان کی تعداد 4 جبکہ بازیاب ہونے والی نابالغ لڑکیوں کی تعداد 7 تک پہنچ گئی۔
بتادیں کہ پولیس نے 12 جولائی کو بارہمولہ میں اس کیس کے سلسلے میں شکیل احمد بٹ اور معراج الدین تانترے ساکنان بارہمولہ کو گرفتار کیا تھا اور کیس کی ابتدائی تحقیقات کے دوران چار نابالغ لڑکیوں کا بچایا تھا۔
ایک پولیس ترجمان نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں متعلقہ دفعات کے تحت درج ایف آئی آر زیر رجسٹریشن نمبر173/2024 کی مزید تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ غلام محمد خان ساکن ناربل اور منظور احمد شاہ ساکن جان باز پورہ بھی انسانی اسمگلنگ اور یونین ٹریٹری سے باہر کی رہنے والی نابالغ لڑکیوں کے استحصال میں ملوث ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملزموں کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن بارہمولہ منتقل کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا: ‘اس دوران روہنگیا برما کی تین نابالغ لڑکیوں کو بھی بچایا گیا’۔