جموں، 22 جولائی (یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے بدھال تحصیل کے گنڈوہ گائوں میں پیر کی علی الصبح ایک ولیج ڈیفنس کمیٹی (وی ڈی سی) ممبر کے گھر پر ملی ٹنٹوں کے حملے کے خلاف جوابی کارروائی میں ایک فوجی جوان اور مذکورہ وی ڈی سی ممبر کا ایک رشتہ دار زخمی ہوا جبکہ علاقے میں وسیع پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے بدھال تحصیل کے دور افتادہ گائوں گنڈوہ میں دہشت گردوں نے پیر کی علی الصبح تین بج کر دس منٹ پر سوریہ چکر انعام یافتہ پرشوتم کمار نامی ایک وی ڈی سی ممبر کے گھر پر حملہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ وہاں نزدیکی واقع فوجی کییمپ کے جوانوں نے پھرتی کا مظاہرہ کرکے اس حملے کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک فوجی جوان اور مذکورہ وی ڈی سی ممبر کا ایک رشتہ دار زخمی ہوا جن کو علاج و معالجے کے لئے ہیسپتال منتقل کیا گیا۔
حملے میں زخمی ہونے والے عام شہری کی شناخت وجے کمار کے طور پر ہوئی ہے۔
غیر تصدیق شدہ اطلاعات کے مطابق آپریشن کے دوران ایک ملی ٹنٹ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں نے جان بوجھ کر وی ڈی سی ممبر کے گھر کو نشانہ بنایا جس کو جوانوں نے ناکام کر دیا۔
دریں اثنا سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ محاصرے میں 3 سے 4 ملی ٹنٹ پھنسے ہوئے ہیں۔
بتادیں کہ جموں خطے میں حملوں میں ہو رہے اضافے کے پیش نظر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور فوجی سربراہ جنرل اوپندرا دویدی نے ہفتے کے روز جموں میں ایک میٹنگ کے دوران سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا،
ادھر سیکورٹی فورسز نے ملی ٹنٹوں کے خلاف ‘آپریشن آل آئوٹ’ شروع کیا ہے جس کے لئے قریب 3 ہزار اضافی اہلکاروں کو تعینات کیا جا رہا ہے۔