نئی دہلی، 22 جولائی (یو این آئی) وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے پیر کے روز لوک سبھا میں مالی سال 2023-24 کا اقتصادی سروے پیش کیا، جس میں 2024-25 کے لیے ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 6.5 سے 7.0 فیصد تک رہنے کا تخمینہ پیش کیا گیا۔
گذشتہ مالی سال 2023-24 میں ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں ایک اندازے کے مطابق 8.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اقتصادی سروے میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی طرف سے مسلسل مضبوط اقتصادی اصلاحات کی بدولت ملک کی اقتصادی ترقی کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔
محترمہ سیتا رمن منگل کے روز صبح 11 بجے لوک سبھا میں مالی سال 2024-25 کا مکمل بجٹ پیش کریں گی، جس میں معیشت کو فروغ دینے کے ساتھ ہی روزگار کے فروغ کے لیے اسکیموں اور پروگراموں پر خصوصی زور دینے کی امید ہے۔ وزیر خزانہ نے عام انتخابات سے قبل فروری میں عبوری بجٹ پیش کیا تھا۔