جموں: جموں و کشمیر میں بی جے پی کے انتخابی انچارج اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے جموں کے مضافات میں واقع بانا سنگھ اسٹیڈیم میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے پانچ برس مکمل ہونے پر اپنی پارٹی کی طرف سے منعقد ‘ایکتما مہوتسو’ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات ستمبر میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 کو ہٹانے سے آئی ایس آئی کی سرگرمیاں رک گئی ہیں۔ پانچ سال قبل پانچ اگست کو وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کی طرف سے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے بعد سے، پاکستان اور اس کی خفیہ ایجنسیاں جموں و کشمیر میں سرگرم ہیں۔ مگر آئی ایس آئی کی سرگرمیوں کو کافی حد تک روک دیا گیا ہے۔
اس ریلی میں بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر کے انچارج ترون چغ اور بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا سمیت دیگر اہم لیڈران موجود تھے۔
ریڈی نے اپنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخابات ستمبر میں ہوں گے اور ہمیں یقین ہے کہ لوگ بی جے پی کو مکمل اکثریت کے ساتھ اقتدار میں لائیں گے۔ کیونکہ پارٹی نے آرٹیکل 370 کو ہٹا کر اور بھیم راؤ امبیڈکر کے آئین کو جموں و کشمیر میں نافذ کر کے ریاست میں تبدیلیاں لائی ہیں۔
ریڈی نے اپوزیشن پارٹیوں خاص طور پر کانگریس اور نیشنل کانفرنس پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ وہ دفعہ 370 کو دوبارہ نافذ کرنے کی بات کر رہی ہیں۔ جس نے جموں و کشمیر میں پاکستان کی سرپرستی میں عسکریت پسندی کے ذریعے صرف موت اور تباہی ہی لائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ جموں و کشمیر میں کونسی حکومت چاہتے ہیں، وہ جو آرٹیکل 370 کو بحال کرنے کی بات کر رہی ہے یا بی جے پی کی قیادت والی حکومت – جو جموں و کشمیر کو ترقی، امن اور خوشحالی کی نئی بلندیوں پر لے جانا چاہتی ہے۔