جموں: جموں ڈویژن کے ڈوڈہ ضلعے میں عسکریت پسندوں کے ساتھ تصادم کے دوران کارروائی میں جان کی بازی ہارنے والے فوجی کیپٹن دیپک سنگھ کی یاد میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ پھول چڑھانے کی یہ تقریب جمعرات کو ایئرفورس اسٹیشن جموں میں منعقد کی گئی۔
لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار اور دیگر نے کیپٹن دیپک سنگھ کو پھول چڑھاکر خراج عقیدت پیش کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں زون آنند جین (آئی پی ایس)، دیگر اعلیٰ سویلین اور سیکورٹی افسران نے ہلاک افسر کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ایکس پر ہندوستانی فوج نے لکھا کہ اس تقریب میں، کیپٹن دیپک کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے ہندوستانی فوج کی اعلیٰ روایات میں اپنی قربانی دی۔ ان کی قربانی کو ملک کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ فوجی افسر دیپک سنگھ بدھ کے روز جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں بھاری ہتھیاروں سے لیس عسکریت پسندوں کے ساتھ ایک تصادم میں ہلاک ہو گئے تھے۔
جموں و کشمیر کے مشہور سیاحتی پہاڑی ریزورٹ پٹنی ٹاپ کے قریب ڈوڈا ضلعے کے اسار علاقے میں بدھ کو ایک فوجی کیپٹن اور ایک عسکریت پسند، فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگئے۔
کیپٹن دیپک سنگھ کی ہلاکت کی تصدیق ہندوستانی فوج کی 16 کور نے ایکس پر کی، انہوں نے بتایا کہ کیپٹن سنگھ کو اسپتال میں بھرتی کیا گیا تھا جہاں وہ اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
ذرائع نے بتایا کہ بدھ کو عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہرنی گاؤں کا ایک شہری بھی زخمی ہوا۔
سیکورٹی فورسز نے انکاؤنٹر کے مقام سے ایک ایم 4 رائفل اور چار بیگ قبضے میں لے لیے ہیں۔ دریں اثناء ڈوڈہ میں سرچ آپریشن کے تیسرے روز بھی جنگجوؤں کو بے اثر کرنے کے لیے تلاشی مہم جاری ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ ابھی بھی پانچ عسکریت پسند جنگل میں چھپے ہو سکتے ہیں۔