سری نگر:نیشنل کانفرنس نے کانگریس کے ساتھ قبل ازانتخابات گڑھ جوڑھ کو حتمی شکل دیدی ہے۔ فارمولہ کے تحت نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کی51 اورکانگریس 32سیٹوں پر متحدہ طورپر الیکشن لڑیں گی جبکہ پانچ نشستوں پر دوستانہ مقابلہ ہوگا۔ ہرش دیو سنگھ کی پنتھرس پارٹی اورسی پی آئی ایم کو بالترتیب ایک ایک نشست دیدی گئی۔
نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ لوگوں کے جذبات و احساسات کو مد نظر رکھتے ہوئے کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے اتحاد کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ انڈیا اتحاد اسی لئے بنا کہ ان عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جائے جو ملک کے ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق نیشنل کانفرنس اور کانگریس لیڈروں کے درمیان پیر کی صبح سے لے کر سہ پہر چھ بجے تک سیٹ شیئرنگ کے معاملے پر میٹنگ ہوئی۔
میٹنگ کے اختتام کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ کانگریس اور این سی کے درمیان اتحاد ہوا ہے اور ہم متحدہ طورپر اسمبلی چناو لڑیں گے۔
انہوں نے کہاکہ انڈیا اتحاد جموں وکشمیر میں اگلی حکومت بنانے میں کامیاب ہوگا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران آل انڈیا کانگریس کے جنرل سیکریٹری وینی گوپال نے کہاکہ بی جے پی جموں وکشمیر کو ختم کرنا چاہتی ہے لیکن انڈیا اتحاد اس کو بچانے کی خاطر کام کررہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کو بچانے کی خاطر ہی آج نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے اتحاد کیا۔
ان کے مطابق ہمیں پورا یقین ہے کہ جموں وکشمیر میں اگلی سرکار نیشنل کانفرنس اور کانگریس متحدہ طورپر تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران کانگریس کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر طاریق حمید قرہ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس 51سیٹوں پر متحدہ طورپر الیکشن لڑیں گی، کانگریس 32اورپانچ نشستوں پر دونوں پارٹیوں کو مشکلات پیش آرہی تھیں تاہم اب ان پانچ نشستوں پر کانگریس اور نیشنل کانفرنس امیدوار کھڑا کریں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیٹ شیئرنگ فارمولہ میں کے تحت ہرش دیو سنگھ کی پنتھرس پارٹی اورسی پی آئی ایم کو بالترتیب ایک ایک نشست دیدی گئی ہے۔