جموں،04 دسمبر(یو این آئی) کشتواڑ کے ڈنگڈور میں پیش آئے سڑک کے بھیانک حادثے میں چار افراد ہلاک جبکہ 14دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کشتواڑ کے ڈنگڈور علاقے میں بدھ کی شام ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 18افراد شدید طورپر زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور پولیس ٹیم جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کوطبی امدادکی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے چار افرادکومردہ قرار دیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ ایک کروزر گاڑی زیر نمبر JK17-6576اس وقت حادثے کا شکار ہوئی جب گاڑی زیر تعمیر پاور پروجیکٹ کمپنی کے ملازمین کو پنجراڑی لے جارہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ گاڑی ایک سو فٹ گہری کھائی میں جاگری جس وجہ سے اس میں سوار سبھی افراد شدید طورپر زخمی ہوئے۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں میں سے مزید تین کی حالت بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
دریں اثنا وزیر اعظم دفترمیں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹرجتیندر سنگھ نے کشتواڑمیں پیش آئے سڑک حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہاکہ حادثے کے متعلق ضلعی ترقیاتی کمشنر کشتواڑ راجیش کمار سے فون پر بات کی اورانہیں زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے ہدایت جاری کیں۔