سرینگر/جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ سید آغا روح اللہ مہدی نے پیر کو پارلیمنٹ میں مرکزی حکومت پر زور دیا کہ جموں و کشمیر پولیس سب انسپکٹر کے عہدوں کے خواہشمندوں کے لیے عمر میں ایک بار کی چھوٹ دی جائے۔
جموں و کشمیر کی نمائندگی کرتے ہوئے، مہدی نے مسئلہ اٹھایا، اورہزاروں امیدواروں کی حالت زار پر روشنی ڈالی جو بھرتی کے عمل میں طویل تاخیر کے نتیجے میںعمر کی حد سے تجاوز کرنے کی وجہ سے نااہل ہو گئے ہیں۔
ایم پی مہدی نے زور دے کر کہا کہ تاخیر نے بہت سے اہل اور سرشار افراد کو پولیس فورس میں خدمات انجام دینے کے مواقع سے محروم کر دیا ہے۔ انہوں نے استدلال کیا کہ منقطع ٹائم لائنز نے خواہشمندوں میں مایوسی اور غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے، جس سے جموں و کشمیر کے نوجوان اپنے مستقبل کے بارے میں بے چین ہو رہے ہیں۔مہدی نے ایک منصفانہ حل کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عمر میں ایک بار کی رعایت سے بھرتی کے نظام پر اعتماد بحال ہوگا اور متاثرہ امیدواروں کے حوصلے بلند ہوں گے۔
انہوں نے خطہ کے نوجوانوں کو درپیش منفرد چیلنجوں سے نمٹنے اور فوری اصلاحی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حکومت ہند اور وزیر داخلہ سے مداخلت کی اپیل کی۔
