اسلام آباد 3 اپریل:
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے حامیوں بالخصوص نوجوانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ باہر نکلیں اور انہیں اقتدار سے بے دخل کرنے کی "امریکہ کی طرف سے بین الاقوامی سازش” کے خلاف "پرامن احتجاج” کریں۔ پاکستانی اخبار ڈان نے اطلاع دی ہے کہ مسٹر عمران نے پارلیمنٹ کے تمام اہم اجلاسوں کے لیے اپنی پارٹی کی حکمت عملی کے بارے میں بھی اپنا ذہن بدل لیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ وہ تحریک عدم اعتماد پر بحث کے دوران ایوان میں موجود رہیں گے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین پارلیمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اتوار کی کارروائی میں شرکت کریں اور بطور وزیر اعظم ان (مسٹر عمران) کا بھرپور دفاع کریں۔
پاکستانی وزیر اعظم عمران نے ٹیلی ویژن پر عوام کے ساتھ براہ راست سوال و جواب کے دوران لوگوں سے کہا کہ وہ انہیں (عمران خان ) کو وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹانے کی کوشش کی مخالفت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس اتوار کے روز اہم ووٹ کے لیے "ایک سے زیادہ پلان” ہیں اور دعویٰ کیا کہ وہ اس ایپی سوڈ میں قوم کو حیران کر دیں گے۔
ایسی اطلاعات ہیں کہ حکومت اتوار کے اجلاس سے قبل حزب اختلاف کے اراکین اور پی ٹی آئی کے تقریباً دو درجن مخالفوں کو ایوان کی کارروائی میں شرکت کے لیے مدعو کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ ارکان اسمبلی اس وقت سندھ ہاؤس اور قریبی میریٹ ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔ حکمران جماعت ان ارکان پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے سے روک سکتی ہے۔ (یو این آئی)
