سین اینٹونیو، 28 جون:
امریکہ کے جنوبی ٹیکساس کے شہر سین اینٹونیو میں کھڑے ایک ٹرک سے 46 افراد کی لاشیں ملنے پر کہرام مچ گیا ہے۔ تمام لوگ مہاجر بتائے جارہے ہیں۔ کچھ رپورٹس میں اس گاڑی کو ٹریکٹر ٹریلر بتایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ٹرک میں موجود دیگر 15 افراد کو تشویشناک حالت میں اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔
مقامی ٹیلی ویژن نیوز چینلز کی رپورٹ کے مطابق سین اینٹونیو میں ریلوے ٹریک کے قریب ایک مشکوک ٹرک کھڑا ملا۔ گاڑی کی تلاشی لینے پر یہ بات سامنے آئی۔ ٹرک ڈرائیور فرار ہے۔ متوفیان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ سین اینٹونیو امریکہ اور میکسیکو کی سرحد سے تقریباً 250 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
اس اطلاع کے بعد میکسیکو کے وزیر خارجہ مارسیلو ابرارڈ نے کہا کہ ہمارے اہلکار سین اینٹونیو روانہ ہو گئے ہیں۔ دریں اثنا، سین اینٹونیو کے کیسیٹ ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ یہ لوگ جنوبی ٹیکساس میں تارکین وطن کی اسمگلنگ کے دوران مارے گئے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق لاشوں سے بھری یہ گاڑی شہر سین اینٹونیو کے جنوبی مضافات میں دور دراز علاقے میں ریل کی پٹریوں کے قریب کھڑی تھی۔ سین اینٹونیو پولیس نے اس بارے میں مستند طور پر کچھ نہیں کہا ہے۔ سین اینٹونیو میں میکسیکو کے جنرل قونصلیٹ نے کہا ہے کہ قونصل جنرل روبین منٹی جائے وقوعہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
