برسلز (بیلجیم)، 28 نومبر:
قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے میچ میں بیلجیئم کی مراکش کے ہاتھوں شکست کے بعد اتوار کے روز دارالحکومت برسلز میں کئی مقامات پرفساد پھوٹ پڑے۔ مشتعل شائقین نے کئی کاروں کو نذر آتش کر دیا۔
پولیس کے ترجمان السے وان ڈی کیرے نے بتایا کہ شام 7 بجے کے قریب حالات کومعمول پر لایا جا سکا، شرپسندوں پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ پولیس نے 12 فسادیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ فسادیوں پر قابو پانے کے لیے پولیس کو واٹر کینن کے علاوہ آنسو گیس کے گولے داغنے پڑے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ فسادیوں نے پٹاخے، پروجیکٹائل اور لاٹھیوں کا استعمال کیا۔ عوامی شاہراہ پر آگ لگا دی۔ اس ہنگامے میں ایک صحافی بھی زخمی ہوا ہے۔
