چٹان ویب مانیٹرینگ
پہلی بار دنیا کے معتبر ترین ایوارڈ ’آسکر‘ جیتنے والے ہولی وڈ اداکار 53 سالہ ول اسمتھ کو براہ راست تقریب کے دوران میزبان کرس راک کو تھپڑ مارنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہیں کنگنا رناوٹ نے ان کے عمل کو درست قرار دیا ہے۔ول اسمتھ نے 28 مارچ کو لاس اینجلس میں ہونے والی 94 ویں سالانہ آسکر تقریب کے دوران کرس راک کو تھپڑ مارا تھا۔ول اسمتھ نے براہ راست نشریات کے دوران میزبان کو اس وقت تھپڑ مارا تھا جب کہ میزبان نے اداکار کی بیوی اداکارہ جیڈا پنکٹ اسمتھ کے بال جھڑنے کا مذاق اڑایا تھا۔
ول اسمتھ کی جانب سے میزبان کو تھپڑ رسید کرنے پر دنیا بھر کی شوبز شخصیات نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا کہ کرس راک کو براہ راست نشریات میں تھپڑ نہیں مارنا چاہیے تھا۔بعد ازاں ول اسمتھ نے انسٹاگرام پر اپنے عمل پر معافی بھی مانگی اور اعتراف کیا کہ وہ غصے میں حد سے گزر گئے تھے۔جہاں ول اسمتھ کے عمل پر زیادہ تر شوبز شخصیات نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں حیران کن طور پر بولی وڈ کی اسکینڈل کوئین کہلانے والی اداکارہ کنگنا رناوٹ نے ان کے عمل کی حمایت کی۔
کنگنا رناٹ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ول اسمتھ کی جانب سے کرس راک کو تھپڑ رسید کرنے کے عمل کو نہ صرف درست قرار دیا بلکہ اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ اگر ان کے ساتھ بھی کبھی ایسا ہوا تو وہ بھی تھپڑ مارنے میں دیر نہیں کریں گی۔بولی وڈ اداکارہ نے لکھا کہ اگر کوئی بھی شخص میری والدہ اور بہن کی بیماری پر پر اس طرح کا مذاق اڑائے گا تو وہ بھی اس شخص کے ساتھ وہیں کریں گی جو کہ ول اسمتھ نے کیا۔
انہوں نے ہولی وڈ اداکار کے عمل کو درست قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ول اسمتھ اداکارہ کے ریئلٹی شو ’لاک اپ‘ میں آئیں گے۔خیال رہے کہ ول اسمتھ نے کرس راک کو تھپڑ مارنے کے عمل پر معافی مانگتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی اہلیہ جیڈا پنکٹ اسمتھ کو طبی مسائل درپیش ہیں، جس وجہ سے ان کے بال جھڑتے ہیں۔ول اسمتھ نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا تھا کہ ‘جیڈا کے طبی مسئلے کے بارے میں مذاق میری برداشت سے باہر ہوگیا تھا اور میں نے جذباتی انداز سے ردعمل ظاہر کیا ‘۔ انہوں نے اپنے عمل پر لکھا تھا کہ ‘وہں شرمندہ ہیں اور محبت اور مہربانی والی دنیا میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ‘۔