ویب ڈیسک
بالی وڈ کے اداکار رندیپ ہُودا نے کہا ہے کہ اداکارہ عالیہ بھٹ کو 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ’گلی بوائے‘ کے وقت کنگنا رناوت نے بے جا تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق جب 2019 میں کنگنا رناوت نے عالیہ بھٹ کی اداکاری کو ’اوسط درجے‘ کی کہا تھا تب رندیپ ہُودا نے عالیہ بھٹ کی حمایت میں ٹویٹ کی تھی۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں رندیپ ہُودا نے بتایا کہ انہوں نے پانچ برس قبل عالیہ بھٹ کے دفاع میں ٹویٹ کیوں کی تھی۔جب انٹرویو میں رندیپ ہُودا سے پوچھا گیا کہ انہوں نے عالیہ بھٹ کا دفاع کیوں کیا تھا تو اس بارے میں انہوں نے بتایا کہ ’ہائی وے فلم بناتے وقت میں نے عالیہ کے ساتھ روحانی تعلق بنا لیا تھا۔‘
’پتا نہیں کہ انہوں نے بھی یہ تعلق بنایا تھا یا نہیں۔ میں صرف اپنی بات کر سکتا ہوں۔ میں نے دیکھا ہے کہ وہ ہمیشہ نئی چیزیں کرنا چاہتی ہیں۔ میں سچے دل کے ساتھ عالیہ کے ساتھ کھڑا ہوا کیونکہ ان پر بے جا تنقید کی گئی تھی۔‘
اداکار نے مزید کہا کہ ’اپنی ساتھی اداکاروں پر تنقید اس وجہ سے کرنا کہ آپ کو اس کام کی سمجھ نہیں آئی تو یہ بہت ہی غلط بات ہے۔‘’میں نے اس وقت سمجھا کہ مجھے عالیہ کا دفاع کرنا چاہیے اور میں نے کیا۔ اس کے پیچھے کوئی بڑی وجہ نہیں تھی۔ میرے خیال سے عالیہ ہر مرتبہ کوشش کرتی ہیں۔‘
سنہ 2019 میں شوبز ویب سائٹ بالی وڈ لائف کے ایک آن لائن پول میں عالیہ بھٹ کے مقابلے میں جیتنے کے بعد کنگنا رناوت نے کہا تھا کہ ’مجھے شرم آ رہی ہے۔ گلی بوائے میں عالیہ کی اداکاری تھی کیا کہ اسے شکست دی جا سکے۔ وہی منہ پھٹ لڑکی کا کردار تھا۔ میڈیا نے ان فلمی بچوں کو ضرورت سے زیادہ پیار دے دیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’اوسط درجے کے کام کو سراہانا بند کریں ورنہ مقابلہ کبھی اونچا نہیں ہوگا۔‘
اس کے جواب میں عالیہ بھٹ نے کہا تھا کہ ’میں کنگنا کے کام اور رائے کی عزت کرتی ہوں۔ اگر انہیں ایسا لگتا ہے تو اس کی کوئی نہ کوئی وجہ ضرور ہوگی۔ میں اس بات کو یاد کر سکتی ہوں کہ انہوں نے فلم رازی دیکھنے کے بعد میرے کام کی تعریف کی تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’میں صرف اپنے کام پر توجہ دینا چاہوں گی۔ اگر میں نے محنت کی تو وہ شاید میری دوبارہ تعریف کریں۔‘
خیال رہے کہ عالیہ بھٹ اور رندیپ ہُودا 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہائی وے‘ میں ایک ساتھ بڑے پردے پر نظر آئے تھے۔