سری نگر،18 مارچ: جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم کے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کرکے چھ جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے جمعے کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس نے پلوامہ میں لشکر طیبہ کے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کرکے چھ جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی پوچھ تاچھ کے دوران منکشف ہوا ہے کہ گرفتار شدگان جنگجوؤں کو منطقی سپورٹ فراہم کرنے، انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے میں مدد کرنے اور ان کے لئے مالی انتظامات کرنے کے علاوہ نوجوانوں کو ہائی برڈ جنگجوؤں کے بطور کام کرنے کے لئے تیار کرتے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ تحقیقاتی ٹیم کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گرفتار شدگان لشکر طیبہ کے کمانڈر ریاض احمد ڈار عرف خالد ساکن کاکہ پورہ پلوامہ کے لئے کام کرتے تھے اور اس کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔
گرفتار شدگان کی شناخت روف احمد لون عرف امجد ولد عبدالمجید لون ساکن کاکہ پورہ، عاقب مقبول بٹ ولد محمد مقبول بٹ ساکن آلوچی باغ پامپور، جاوید احمد ڈار ولد غلام محی الدین ڈار ساکن لارو کاکہ پورہ، ارشد احمد میر ولد عبدالرشید میر ساکن پاری گام پلوامہ، رمیض راجا ولد غلام احمد بٹ ساکن پاری گام پلوامہ اور سجاد احمد ڈار ولد غلام محی الدین ڈار ساکن لارو کاکہ پورہ کے بطور ہوئی ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن کاکہ پورہ میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔یو این آئی