سری نگر 19مارچ:
جموں وکشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ کے آری ہل علاقے میں مشتبہ جنگجووں نے غیر مقامی ترکھان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا ہے۔ادھرشوپیاں اور ترال میں بھی سیکورٹی فورسز پر دو گرینیڈ داغے گئے جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔پولیس ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ہفتے کی شام کو آری ہل پلوامہ میں جنگجووں نے غیر مقامی ترکھان جس کی شناخت محمد اکرم ولد عبدالسلام ساکن بجنور اْتر پردیش کے بطو رہوئی ہے پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔انہوں نے بتایا کہ زخمی شخص کو علاج ومعالجہ کی خاطر ضلع ہسپتال پلوامہ منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد اْس کو سری نگر ریفر کیا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔ادھر ہفتے کی شام کو ہی شوپیاں اور ترال میں سیکورٹی فورسز پر دو گرینیڈ داغے گئے جس وجہ سے تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں نے زینہ پورہ شوپیاں میں 178بٹالین سی آر پی ایف کیمپ پر گرینیڈ سے حملہ کیا جس وجہ سے ایک اہلکار زخمی ہوا ہے جس کو علاج ومعالجہ کی خاطر ہسپتال منتقل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ نودل ترال میں بھی جنگجووں نے 180بٹالین سی آر پی ایف کیمپ پر گرینیڈ پھینکا جو زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دو اہلکار جن کی شناخت کانسٹیبل سجاد احمد اور کانسٹیبل چندرا شیکھر کے بطور ہوئی ہے معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں ملی ٹینسی کے یہ تین واقعات کیسے اور کن حالات میں وقوع پذیر ہوئے اس کی بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ادھرذرائع نے بتایا کہ ان تین واقعات کے بعد سیکورٹی فورسز نے شوپیاں، ترال اور پلوامہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا، لیکن حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے تھے۔یو این آئی