نئی دہلی، 19 مارچ :
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز جاپان کے ساتھ ہندوستان کی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف دونوں ممالک بلکہ دنیا میں امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے امور کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ اور دیگر فورمز پر باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کے اپنے نئے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ جاپان، ہندوستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کےمعاملے میں ایک اہم شراکت دار ہے اور جاپانی کمپنیاں ’’دنیا کے لئے ہندوستان میں مینوفیکچرنگ‘‘ کی ہندوستان کی کوششوں کی برانڈ ایمبیسیڈر ہیں۔
مسٹر مودی ہندوستان دورہ پر آئے جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا کے ساتھ دارالحکومت میں چوٹی کانفرنس کے بعدمشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا ’’اس تناظر میں، ہندوستان-جاپان شراکت داری کو مزید گہرا کرنا نہ صرف دونوں ممالک کے لیے اہم ہے، بلکہ اس سے ہند-بحرالکاہل خطے اور عالمی سطح پر بھی امن، خوشحالی اور استحکام کو فروغ ملے گا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ سال 2014 میں دونوں ممالک نے ہندوستان میں جاپان کی جانب سے 3.5 لاکھ کروڑ ین کی سرمایہ کاری کا ہدف مقرر کیا تھا جو حاصل کر لیا گیا ہے۔ ہم نے پانچ سالوں میں پانچ لاکھ کروڑ ین (تین لاکھ 20 ہزار کروڑ روپے) کی سرمایہ کاری کا نیا ہدف مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان ہندوستان میں عالمی سرمایہ کاری کا سب سے قابل اعتماد اور سب سے بڑا شراکت دار ہے۔یو این آئی